حکومت کے اقدامات سے معاشی استحکام آیا، کاروباری برادری کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے: شہباز شریف

حکومت کے اقدامات سے معاشی استحکام آیا، کاروباری برادری کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے: شہباز شریف

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں مہنگائی کم ترین سطح پر آ چکی ہے۔ 

یومِ تعمیر و ترقی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جب ان کی حکومت آئی تو آئی ایم ایف کا پروگرام مشکلات کا شکار تھا، تاہم حکومت کی کوششوں سے معاہدہ ممکن ہوا اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا گیا۔


وزیراعظم نے کاروباری طبقے سے مشاورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نے کاروباری برادری کی مشاورت سے آگے بڑھنا ہے، ان کی تجاویز سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی"۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہو چکے ہیں، اب معاشی نمو کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے"۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 ماہ بہت مشکل تھے، مگر اب ترقی اور خوشحالی کا سفر طے ہونا ہے"۔


شہباز شریف نے بتایا کہ تنخواہ دار طبقے نے قومی خزانے میں 300 ارب روپے جمع کروائے، جس پر انہوں نے عوام کی قربانیوں کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  اگر ان کے اختیار میں ہوتا تو فوری طور پر 15 فیصد ٹیکس کم کر دیتے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوگی، اور چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ سرمایہ کاروں کے مسائل غور سے سنیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ "حکومت نے سرکاری ادارے (ایس او ایز) خود نہیں چلانے، بلکہ نجی سرمایہ کاروں کو آگے آ کر انہیں چلانا ہوگا"۔


ملک کی سلامتی اور ترقی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ "اگر دہشتگردی کا خاتمہ نہ ہوا تو نہ ترقی ممکن ہوگی اور نہ ہی برآمدات میں اضافہ ہوسکے گا"۔ انہوں نے اس موقع پر پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔