وائلڈلائف قوانین کی خلاف ورزی، رجب بٹ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا امکان

05:51 PM, 8 Feb, 2025

وائلڈلائف قوانین کی خلاف ورزی، رجب بٹ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا امکان
وائلڈلائف قوانین کی خلاف ورزی، رجب بٹ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا امکان

لاہور: پنجاب وائلڈلائف نے معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کے خلاف عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ رجب بٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر شیر کے بچے کو اپنی تحویل میں رکھا تھا، جس پر عدالت نے انہیں جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق آگاہی ویڈیوز بنانے کی سزا سنائی تھی۔

عدالتی حکم کے مطابق رجب بٹ کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں جنگلی حیات سے متعلق آگاہی ویڈیوز بنا کر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرنی تھیں، تاہم وہ فروری کے پہلے ہفتے میں یہ ویڈیو شیئر کرنے میں ناکام رہے۔

پنجاب وائلڈلائف لاہور ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عاصم کامران کے مطابق رجب بٹ نے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر وائلڈلائف حکام نے عدالت سے رجوع کرنے اور ان کے خلاف مزید کارروائی کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ رجب بٹ کو شادی کے موقع پر تحفے میں ملنے والے شیر کے بچے کو غیر قانونی طور پر رکھنے پر تین آپشنز دیے گئے تھے: قید، بھاری جرمانہ یا آگاہی ویڈیوز بنانے کی ذمہ داری۔ رجب بٹ نے تیسری آپشن کو قبول کرتے ہوئے عدالت سے وعدہ کیا تھا کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کریں گے، لیکن وہ اپنے وعدے پر عمل نہ کر سکے۔

پنجاب وائلڈلائف حکام نے اس خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کو نظر انداز کرنے کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں اور اس معاملے کو ایک مثال بنایا جائے گا تاکہ کسی کو جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے۔
 

مزیدخبریں