پشاور:وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستانی قوم کے مینڈیٹ پر کیے گئے تاریخی ڈاکے کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام بھرپور انداز میں احتجاج میں شامل ہیں، اور آج کا یوم سیاہ نہ صرف پاکستان بلکہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور نے الزام لگایا کہ 17 نشستوں والی پارٹی کو اقتدار دے کر "اردلی حکومت" مسلط کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے سب سے دھاندلی زدہ انتخابات کو فری اینڈ فئیر قرار دے دیا گیا، جب کہ فارم 47 کے تحت بننے والی حکومت نے پاکستان کے تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ 26 نومبر اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے سے خوفزدہ ہے، کیونکہ ان کا خیال ہے کہ اس کمیشن کی تحقیقات سے سچ سامنے آ جائے گا اور تمام مجرموں کو انصاف ملے گا۔