کراچی : گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مجموعی طور پر پُرامن انتخابات کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کو مبارکباد دی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پورے دن انتخابی عمل کو مانیٹر کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ سے بھی رابطہ میں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کا عملہ اور بہترین کوریج پر میڈیا بھی مبارکباد کا مستحق ہے، افواہوں کے برعکس صوبہ میں مجموعی طور پر انتخابات کا پر امن انعقاد سب کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ ڈالا، امید ہے نئی منتخب حکومت عوام کے مسائل کو حل اور معیشت کی بحالی کے اقدامات کرے گی۔