عمران خان سمیت دیگر معروف سیاسی شخصیات نے اڈیالہ جیل میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا

عمران خان سمیت دیگر معروف سیاسی شخصیات نے اڈیالہ جیل میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر معروف سیاسی شخصیات نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کردیا۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت دیگر معروف سیاسی ناموں نے جیل میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔

تاہم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ووٹنگ میں حصہ نہیں لے سکیں کیونکہ ان کی سزا اور گرفتاری پوسٹل ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہوئی تھی۔

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اڈیالہ جیل میں   100 سے کچھ زیادہ قیدیوں نے ووٹ ڈالا جبکہ جیل میں 7 ہزار قیدی موجود ہیں، یعنی صرف ایک فیصد قیدیوں نے ووٹ ڈالا ے۔

 
ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ نے صرف ان قیدیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جن کا شناختی کارڈ کمپیوٹرائزڈ تھا جبکہ کم ٹرن آؤٹ کی وجہ قیدیوں کی بڑی تعداد کے پاس اصل شناختی کارڈ کی عدم موجودگی تھی۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل انتظامیہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پوسٹل بیلٹ جنوری کے وسط میں موصول ہوئے تھے جنہیں قیدیوں کو مہیا کیا گیا۔ پوسٹل بیلٹ جمع کروانے کی آخری تاریخ 22 جنوری تھی۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنا چاہتی تھیں لیکن پوسٹل بیلٹ کا عمل مکمل ہونے کی وجہ سے ان کی درخواست پر  بھی عمل در آمد نہ ہوسکا۔

بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے بھی تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعطم کی اہلیہ کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت نہیں دی گئی۔

مصنف کے بارے میں