لاہور: سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مسعود انور نے ڈائریکٹوریٹ جنرل (پروڈکشن )اور ڈائریکٹوریٹ آف کمیونی کیشن کادورہ کیا اور لمپی سکن ویکسی نیشن مہم میں تیزی لائی لانے کی ہدایت کی تاکہ اس بیماری سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن) ڈاکٹر سید ندیم بدر اور ڈائریکٹر کمیونی کیشن ڈاکٹر آصف رفیق نے متعلقہ شعبہ جات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مسعود انور کا کہنا تھا کہ محکمہ لائیوسٹاک کے شعبہ پروڈکشن کا تحقیقی جائزہ مرتب کرنا ناگزیر ہے نیز تمام تحقیقی نتائج کو آئندہ لائحہ عمل ترتیب دینے میں استعمال کرنا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شعبہ لائیوسٹاک میں برآمدات اور کاروباری استعدادبارے جائزہ رپورٹ بنائی جائے جس سے جامع منصوبہ سازی میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ لمپی سکن ویکسی نیشن مہم میں تیزی لائی جائے تاکہ اس بیماری سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مویشیوں کی مقامی نسلوں کو جینیاتی بنیادوں پر رجسٹرڈ کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے نیزآئی وی ایف اور ایمبریو ٹرانسفر جیسی ٹیکنالوجیز کیلئے جامع پلان ترتیب دینا ہو گا۔
سیکرٹری لائیوسٹاک نے محکمانہ کمیونی کیشن ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ کمیونی کیشن سٹریٹیجی مرتب کی جائے نیز پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کی مدد سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ دورہ کے دوران ایڈیشنل سیکرٹریز ، ڈائریکٹر جنرلز و دیگر بھی سیکرٹری لائیوسٹاک کے ہمراہ تھے۔