اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے میں ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر، ملک کی معاشی صورتحال، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ترکیہ اور شام میں آنے والا زلزلہ ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس بھی شریک ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پی ٹی آئی کے اراکین عمران خان کی ہدایت پر اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت سے انکار کر دیا تھا۔