اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کر دی گئی ہے اور 5 نئے معاونین خصوصی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ کابینہ ڈویژن نے نئی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کی تعداد 83 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے 5 نئے معاونین خصوصی تعینات کر دئیے ہیں جن میں رکن قومی اسمبلی راو¿ اجمل، شائستہ پرویز، قیصر احمد شیخ، محمد حامد حمید اور ملک سہیل خان شامل ہیں جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے مذکورہ تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی وزیر اعظم نے کابینہ میں مزید توسیع کرتے ہوئے سابق گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کو معاون خصوصی خزانہ تعینات کیا تھا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق طارق باجوہ کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہے جبکہ ان کی تعیناتی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے کابینہ کی تعداد 75 اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد 29 پر پہنچ گئی تھی۔
وزیر اعظم کے 23 معاونین خصوصی کے پاس کوئی قلمدان نہیں اور جاوید لطیف بھی کئی مہینوں سے بغیر کسی قلمدان کے وفاقی وزیر ہیں جبکہ اس سے قبل سینئر قانون دان عرفان قادر کو بھی معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔
وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر توسیع، 5 نئے معاونین خصوصی تعینات
02:51 PM, 8 Feb, 2023