صدر مملکت کا پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط

02:31 PM, 8 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عار ف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تاخیر کی صورت میں الیکشن کمیشن کو ہی آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) الیکشن ایکٹ 2017ءکے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے۔ 
خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 224 اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز میں الیکشن کرانے پرزور دیتا ہے جبکہ فرائض کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں الیکشن کمیشن کوہی آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ 
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ آئین میں جمہوری اصولوں اور اقدار کی پابندی کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں، دنیا کی پرانی جمہوریتوں نے جنگوں کے دوران بھی انتخابات میں کبھی تاخیر نہیں کی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین انتخابات میں تاخیر کی اجازت نہیں دیتا اور تاریخ ثابت کرتی ہے انتخابات کے التوا نے جمہوریت کو طویل مدتی نقصان پہنچایا، انتخابات کے اعلان سے صوبائی اور عام انتخابا ت کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو ختم کیا جا سکے گا۔ 

مزیدخبریں