اسلام آباد: وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مودی کے بھارت میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ خوفناک ہے، انڈیا کا معاشرہ غیر مستحکم قیادت میں تیزی سے زوال پذیر ہے،حجاب پہننا کسی بھی دوسرے لباس کی طرح ذاتی پسند ہے، شہریوں کو حجاب کے انتخاب میں آزادی ہونی چاہئے۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اس وقت جو کچھ مودی کی سرپرستی میں بھارت میں ہو رہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ،انڈیا کا معاشرہ غیر مستحکم قیادت میں تیز ی سے زوال پذیر ہے ۔
What’s going on in #ModiEndia is terrifying, Indian Society is declining with super speed under unstable leadership. Wearing #Hujab is a personal choice just as any other dress citizens must be given free choice #AllahHuAkbar
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 8, 2022
واضح رہے آج سوشل میڈیا سمیت انٹر نیشنل میڈیا پر بھارت میں مسلمان لڑکی کیساتھ جو سلوک ہوا وہ پوری دنیا نے دیکھا کہ کیسے ایک نہتے لڑکی کو صرف اس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ وہ حجاب کیوں پہنتی ہے ۔
ایک طرف جہاں کرناٹک کے حکومتی کالج میں حجاب کو لے کر معاملہ عدالت تک پہنچ گیا ہے وہیں کرناٹک میں سڑک سے گزرتی اکیلی طالبہ کو زعفرانی رنگ کے مفلر پہنے انتہا پسندوں کی جانب سے تنگ کرنے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے،کالج جانے والی طالبہ کو انتہا پسندوں نے ڈرایا دھمکایا لیکن طالبہ نے بھی ڈٹ کر ہراساں کرنے والوں کا مقابلہ کیا،نہتی مسلمان لڑکی ہندو انتہا پسندوں کے سامنے ڈٹ گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کالج میں ایک لڑکی کو جے شری رام کا نعرہ لگانے والے ہجوم کی طرف سے ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،ہجوم میں شامل لوگ آگے بڑھے اور لڑکی کے سامنے ’جے شری رام‘ کے نعرے لگائے، لڑکی نے اس دوران مشتل ہجوم سے ڈرنے کے بجائے ان کا بھرپور مقابلہ کیا اور اونچی آواز میں ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگایا۔