وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اجلاس ،کن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی ہوئی ؟

10:01 PM, 8 Feb, 2022

اسلام آباد:وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہونے والے اجلا س میں بتایا گیا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.35 فیصد اضافہ ہوا  ہے،جن میں 33 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی ۔

وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں روز مرہ میں استعمال ہونے والی چیزوں کی قیمتوں سے متعلق جائزہ لیا گیا ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ 33 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، کل 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا، انڈے 0.04 فیصد، آلو 0.05 اور پیاز 0.03 فیصد سستا ہوا، ٹماٹر 0.97، چکن 0.40، اور لہسن 0.02 مہنگا ہوا، دال ماش، دال مونگ، چینی اور بعض دیگر اشیاء سستی ہوئی۔

 سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ ملک بھرمیں آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے، کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے، ملک میں گندم کے وافر ذخائر بھی موجود ہیں، کمیٹی نے موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چینی کے ذخائر اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا جائے ۔

وزیرخزانہ نے قیمتوں میں کمی اورآسان دستیابی کیلئے چینی کے ذخائر مستحکم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں ،اجلاس کو مختلف دالوں کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔

 وزیر خزانہ نے دالوں کی قیمتوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی،اجلاس کو خوردنی تیل کی دستیابی اور قیمتوں بارے  میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی کی عالمی مارکیٹ کے مطابق مقامی قیمتوں میں بھی کمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس کو بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں قیمتوں کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔


اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز کو روزانہ استعمال کی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ،اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے قیمتوں پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی ہدایات جاری کیں ۔

مزیدخبریں