لاہور: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری بلے باز ایلن بارڈر آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان کیلئے کافی پر جوش ہیں جن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم کی قیادت میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایلن بارڈر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کیلئے اپنا نام بنانے کا سنہری موقع ہو گی جس دوران تماشائی بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں گے جبکہ بابراعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کیلئے 18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے جس کی قیادت پیٹ کومنز کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سٹیو سمتھ، ایشٹن اگر، سکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، مارکس ہیریس، جوش ہیزل ووڈ، ٹریویس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، نتھن لیون، مچل مارش، مچل سٹارک اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔
آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے شروع ہو گا جبکہ دوسرا میچ 12 مارچ اور تیسرا ٹیسٹ میچ 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز ہو گی جس کا آغاز 29 مارچ کو ہو گا اور دوسرا میچ 31 مارچ جبکہ تیسرا میچ 2 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ پنڈی سٹیڈیم میں ہی 5 اپریل کو واحد ٹی 20 میچ ہو گا۔
پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے: ایلن بارڈر
06:37 PM, 8 Feb, 2022