وائٹننگ انجیکشن لگوانا چاہا تو کیا ہوا؟ حرا مانی کا انکشاف

12:38 PM, 8 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ حرا مانی  نے انکشاف کیا ہے کہ گوری رنگت کیلئے وائٹننگ انجیکشن لگانے کی خواہش پر مانی سے جھگڑا ہو گیا تھا اور مانی نے انہیں بیگ  پیک کرنے کا مشورہ دیدیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ حرا مانی اور سلمان ثاقب شیخ (مانی) حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے ، اس دوران اداکارہ نے گوری رنگت کیلئے وائٹننگ انجیکشن لگوانے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس میں کوئی نقصان نہیں تو اس کو لگوانے میں کوئی حرج نہیں۔ 

اداکارہ نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار وہ بھی واٹننگ انجیکشن گھر لے آئیں تھیں تاہم اپنے شوہر مانی سے اس کے استعمال  کی اجازت نہیں ملی تھی ، انہوں نے کہا کہ آج بھی انجیکشن اسی طرح گھر میں رکھے ہیں۔ اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس بات پر ان کے اور مانی کے درمیان جھگڑا بھی ہوا، انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ مانی نے کہا کہ اگر ان انجیکشن کا استعمال کرنا چاہتی ہیں تو اپنا بیگ پیک کر لیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ حرا مانی کا شمار پاکستان کی حالیہ مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے ،انہوں نے اپنے پروجیکٹس سن یارا، آنگن، میرے پاس تم ہو، کشف اور دو بول سے شہرت حاصل کی۔  حرا مانی اپنی دو ٹوک باتوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر  بھی کافی مقبول ہیں، وہ اپنے حوالے سے کوئی بات نہیں چھپاتی ہیں۔
 

مزیدخبریں