کراچی،دنیا بھر میں ایک ارب چالیس کروڑ لوگ عام عادت کے باعث بڑی بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں ۔
سنتے تھے کہ حرکت میں برکت ہےاور اب یہ بات عالمی ادارے کی ریسرچ نے بھی ثابت کردی ہے ۔ تحقیق کے مطابق ہفتے میں 150 منٹ کی ہلکی پھلکی ورزش یا 75 منٹ کی سخت ورزش انسانی جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ایک چوتھائی آبادی یعنی ایک ارب 40 کروڑ سے زائد افراد ایک عام سی عادت کی وجہ سے خون کی شریانوں سے منسلک بیماریوں، یادداشت کا خاتمہ اور کینسر جیسے خظرناک امراض کا شکار ہو جاتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے تحت کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق جن لوگوں کا زیادہ تر وقت بیٹھ کر یا لیٹے ہوئے گزرتا ہے، وہ بہت سی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر 4 میں سے ایک مرد جبکہ ہر تین میں سے ایک خاتون صحت مند رہنے کے لیے ضروری جسمانی سرگرمیوں سے دور ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن ممالک میں لوگوں کی آمدنی زیادہ ہے وہا ں کے رہائشی جسمانی طور پر کم متحرک ہوتے ہیں۔ ایسے ممالک جہاں کے شہری جسمانی سرگرمیوں سے دور ہیں ان میں کویت، سعودی عرب اور عراق سر فہرست ہیں۔ ان ممالک کی 50 فیصد سے زیادہ آبادی جسمانی طور پر متحرک نہیں ہے۔
ان کے مقابلے میں امریکہ میں 40 فیصد، برطانیہ میں 36 فیصد اور چین میں 14 فیصد افراد زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے دوری دنیا بھر میں جلد اموات کا باعث بننے والی چند بڑی وجوہات میں سے ایک ہے کیونکہ اس عادت کے نتیجے میں خون کی شریانوں سے جڑے امراض مثلاً ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جبکہ کینسر اور ذیابیطس جیسی بیماریوں کا امکان بھی زیادہ ہو جاتا ہے۔