پاک فوج کا جذبہ حب الوطنی: چین کی جانب سے ویکسین کا عطیہ ہیلتھ ورکرز کیلئے وقف

12:20 PM, 8 Feb, 2021

راولپنڈی: چین نے پاکستان کیساتھ دوستی کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے پاک فوج کیلئے ویکسین عطیہ کی جسے ہیلتھ ورکرز کو دیدیا گیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے بتایا ہے کہ چین نے افواج پاکستان کے لئے عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین کا عطیہ دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ پاک فوج پہلی غیر ملکی فوج ہے جسے چین نے ویکسین کا عطیہ دیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ پاک فوج نے چین کی فراہم کردہ ویکسین ہیلتھ ورکرز کیلئے دے دی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چین کی جانب سے عالمی وبا کے تدارک کیلئے عطیہ کی گئی ویکسین کی پہلی کھیپ کو پاکستان پہنچایا گیا تھا۔ اس ویکسین کو لینے کیلئے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین بھیجا گیا تھا۔

خصوصی طیارے کی واپسی پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے خصوصی شرکت کی تھی۔ خیال رہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کو ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ فراہم کی گئی تھی۔

چینی سفیر نونگ رونگ نے پاکستان کو ویکسین کی فراہمی اپنے ملک کیلئے قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ چین وہ پہلا ملک ہے جس نے اپنے دیرینہ دوست کو عالمی وبا سے بچاؤ کی ادویات فراہم کیں۔

مزیدخبریں