لاہور: ایئر کوالٹی انڈیکس کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق لاہور دنیا بھر میں آلودگی کے لحاظ سے آج پہلے نمبر پر ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق آلودہ ترین شہروں میں بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، کراچی تیسرے، کابل چوتھے اور کولکتا پانچویں نمبر پر ہے۔ لاہور کی فضاؤں میں آج آلودہ ذرات کی مقدار 309 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کی فضاؤں میں آج آلودہ ذرات کی مقدار 197 پرٹیکیولیٹ میٹرز رہی، اسی وجہ سے کراچی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج تیسرے نمبر پر رہا۔
خیال رہے کہ فضا میں موجود زہریلی گیسوں اور دیگر مضر صحت اجزا کو جس میعار کے تحت چیک کیا جاتا ہے، اسے ایئر کوالٹی انڈیکس کہتے ہیں۔ اگر فضا میں موجود گیسوں کی مقدار بڑھ جائے تو ماحول آلودہ ہو جاتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زہریلے ذراتناک، منہ اور آنکھوں کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہو کر خون میں شامل ہو جاتے ہیں۔ لاہور اور اس کے گردونواح میں موجود فیکٹریاں، کارخانے، دھواں چھوڑتی گاڑیاں، بے ہنگم ٹریفک، اینٹوں کے بھٹے فضا کو آلودہ کرنے کا سب سے بڑا سبب ہیں۔
خیال رہے کہ آئے روز ایئر کوالٹی انڈیکس کی جانب سے لاہور کو آلودہ ترین شہر قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال خطرناک ہے جو اس بات کی جانب اشارہ کر رہی ہے کہ اگر حکام کی جانب سے فضائی آلودگی پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو اس کے انسانی صحت پر بہت برے اثرات مرتب ہونگے۔ اس کے تدارک کیلئے ابھی سے پلاننگ کرنا ہوگی۔