سی ٹی ڈی کی کراچی میں کارروائی، ایک دہشتگرد ہلاک، 5 گرفتار، بارودی مواد برآمد

07:32 AM, 8 Feb, 2021

کراچی: سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرکے ایک دہشتگرد کو ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا۔

انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کے ڈی آئی جی عمر شاہد کا کہنا ہے کہ حساس اداروں کی فراہم کردہ اطلاعات پر چھاپہ مارا گیا۔ 2 ہفتوں سے دہشتگردوں کی شہر قائد میں موجودگی کی اطلاع تھی۔ مقابلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور خود کش جیکٹس بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ڈی آئی جی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارود سے بھرا رکشہ بھی ملا ہے جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ بم ڈسپوزل کا عملہ بھی عمارت میں موجود ہے۔ دوسری جانب راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ نیکٹا کی جانب سے کچھ عرصہ قبل الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ 

ذہن میں رہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ ہندوستان ناصرف ان دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی کرتا ہے بلکہ انھیں مالی سپورٹ بھی فراہم کی جاتی ہے تاکہ پاکستان کو دوبارہ سے دہشتگردی کے عفریت میں پھنسایا جا سکے۔

اس بات کا اعتراف خود اقوام متحدہ بھی کر چکا ہے۔ یو این نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ کالعدم دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دھڑوں کو ہندوستان کی حمایت حاصل ہے جو اس وقت افغانستان میں موجود ہیں۔

اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں اس بات کو بھی تسلیم کیا ہے کہ دوسری جانب پاکستان نے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں کیں اور ثابت قدم رہا۔ حالانکہ بھارت کی جانب سے ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشیاں لگاتے ہوئے اسے دنیا کے سامنے رسوا کرنے کی ناکام کوششیں جاری رکھیں۔

مزیدخبریں