راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی فورسز نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے باعث ایک شہری شہید ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، یہ فائرنگ لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر میں کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کا نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے مارٹر گولوں اور توپ خانے کا استعمال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے باعث ایک شہری،جس کا نام میر محمد ہے، شہید ہو گیا جبکہ فائرنگ کے باعث ایک خاتون زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایل او سی چری کوٹ سیکٹر کے ککوٹا گاؤں سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بر وقت طور پر جواب دیتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔