اسلام آباد: پنجاب کی 71 کمپنیوں کے معاملے پر نیب نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔ قومی احتساب بیورو نے اپنے جواب میں کہا کہ پنجاب فنانس ڈویژن نے 53 کمپنیوں کو 193 ارب روپے دئیے، 18 کمپنیوں کو پنجاب فنانس ڈویژن نے کوئی رقم نہیں دی، غیر ملکی ڈونر سے ساڑھے 14 ارب کمپنیوں کو ملے اور شہباز شریف کیخلاف 660 ملین کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ کچھ کمپنیوں نے ٹی ایم ایز اور غیر ملکی فنڈز 163 ارب روپے بھی لیے۔
نیب نے کہا کمپنیوں کے معاملہ پر مزید دو ریفرنس دائر کیے گئے۔ کمپنیوں کے معاملہ پر دو تحقیقات، 15 انکوائریاں زیر التواء ہیں، کمپنیوں کیخلاف 14 انکوائریوں میں محکمانہ کاروائی کی سفارش کر دی اور 29 کمپنیوں کے خلاف انکوائریاں بند کرنے کی سفارش کر دی۔ پنجاب کمپنیوں کے معاملہ میں 1019 ملین روپے پلی بارگین سے ریکور کیے جبکہ پنجاب کی 71 کمپنیوں میں سے 49 فعال اور 22 غیر فعال ہیں۔