شہریار آفریدی وہ بندہ پیش کریں جس کے ذریعے مجھ تک پہنچے، رانا ثناء اللہ

12:02 PM, 8 Feb, 2020

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہےکہ شہریارآفریدی نے کہا تھا کہ وہ ایک بندے کے ذریعے مجھ تک پہنچے اب یہ وہ بندہ اور ویڈیو پیش کریں جس کا انہوں نے دعویٰ کیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر ریاست شہریوں کے خلاف غلط مقدمہ درج کرائے گی تو باعث شرم بات ہوگی، روزانہ ضمانتیں ہورہی ہے، شاہد خاقان، احسن اقبال اور سعدرفیق کی بھی ضمانتیں ہوں گی۔

اپنے کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ انصاف کی جنگ میں وکلا اور ساتھیوں کی مدد سے بھرپور طریقے سے لڑوں گا،ان کی کوشش ہے کہ ہم ان سے ویڈیو نہ مانگیں جس کا انہوں نے دعویٰ کیا تھا، شہریارآفریدی نے کہا تھا کہ وہ ایک بندے کے ذریعے مجھ تک پہنچے، یہ وہ بندہ اور ویڈیو پیش کریں، جس کا انہوں نے دعویٰ کیا تھا، پراسیکیوشن بیان ریکارڈ کرا دے ہمارے پاس ویڈیو اور بندے نہیں ہم درخواست واپس لے لیں گے۔

لیگی رہنما نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرعام پھانسی کی مذمت کرتے رہے، کل پی ٹی آئی کے وزیر نے قرارداد پاس کرائی، یہ معاشرے میں تخلیاں اور نفرتیں پیدا کررہے ہیں اس کا ازالہ سالوں میں ممکن نہیں ہوگا۔

رانا ثناء کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے خلاف جھوٹا بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا، وہ ضمانت پر ہیں، انتظامی طور پر کسی کو حق نہیں ان کی موومنٹ پرپابندی لگائے، ان کی نقل و حرکت پر پابندی لگانا بدترین سیاسی انتقام ہے، مریم کا حق ہے کہ وہ والد کی تیمارداری کریں انھیں روکنا ظلم ہے، ان کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں کی بات چھوڑیں 22 کروڑ عوام ان سے ناراض ہیں، اتحادی جتنی جلدی ان کی کشتی سے چھلانگ لگادیں محفوظ رہیں گے، حکومت نے عوام کی جیب پر 180 ارب کا ڈاکہ ڈالا ہے، ان کی اے ٹی ایمز نے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ عبوری سیٹ اپ کی حامی نہیں۔

مزیدخبریں