اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب کی پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی تیار کردہ سربمہر رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔
ادھر جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیمیں تحقیقات کے لئے کراچی چلے گئیں۔ چار ٹیموں کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کر رہے ہیں۔
نیب کراچی سے محمد یونس خان، محمد گل آفریدی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب عالم اور محسن علی راولپنڈی ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں۔
چاروں ٹیمیں ایف بی آر، ایکسائز، سٹیٹ بنک سے ریکارڈ اکٹھا کریں گی۔ انور مجید کی تمام ملز کے حوالے سے بھی ریکارڈ حاصل کیا جائے گا اور ریکارڈ کے بعد طلبی کے نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ 1.32 ارب روپے کِک بیکس کی جعلی اکاؤنٹس میں منتقلی پر سرکاری افسروں سے بھی پوچھ گچھ ہو گی اور تمام ٹیمیں ڈی جی عرفان منگی کو تمام تحقیقات سے آگاہ رکھیں گی۔