انوپم کھیر کے بعد اداکار ابھیشک بچن کا بھی ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک ہوگیا

02:28 PM, 8 Feb, 2018

’’نیو نیوز تازہ ترین‘‘

ممبئی:انوپم کھیر کے بعد بالی ووڈ اداکار ابھیشک بچن کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کو بھی ہیک کرلیا گیا اور ہیکرز نے پاکستان کے جھنڈے کی تصاویر جاری کرتے ہوئے پاکستان سے محبت کا اظہار کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابھیشک بچن کا اکاﺅنٹ بھی پاکستانی حامی ترک ہیکرز کے ایک گروپ نے ہیک کیا تاہم اداکار کے اکاﺅنٹ کو جلد ہی بحال کرالیا گیا جبکہ ابھیشک بچن نے بھی اپنا اکاﺅنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کردی اور اکاﺅنٹ بحال کرانے پر ٹوئٹر انڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیکرز کا گروپ پاکستان کا حامی ہے اور اس نے ابھیشک بچن کا ٹوئٹر ہینڈل ہیک کرتے ہوئے پاک ترک جھنڈوں کو شیئر کیا اور پیغام لکھا کہ انہوں نے اداکار کا بھی ڈیٹا ہیک کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مخالف خیالات رکھنے والے انوپم کھیر کا بھی اسی گروپ نے ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کرلیا تھا اور پاک ترک جھنڈے شائع کرتے ہوئے ’آئی لو پاکستان‘ کا پیغام جاری کیا تھا۔واضح رہے کہ اداکار کا اکاﺅنٹ ان کی سالگرہ کے تین دن بعد ہیک کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں