واشنگٹن:امریکہ نے دنیا کا طاقتور ترین ’فالکن ہیوی‘ نامی راکٹ پہلے خلائی مشن پر روانہ کردیا ہے۔یہ راکٹ امریکی کمپنی سپیس ایکس کی جانب سے کینیڈی سپیس سینٹر سے روانہ کیا گیا ہے اور اس راکٹ کو حجم میںبڑا ہونے کی بناءپر دنیا کا طاقتور ترین قرار دیا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سپیس ایکس کے سربراہ ایلن مسک کا کہنا تھا کہ نئے راکٹ کی پہلی فلائٹ کی کامیابی کے امکانات ففٹی فٹفی ہیں۔فالکن ہیوی اب دستیاب خلائی گاڑیوں میں سے سب سے زیادہ باصلاحیت ہے،اس راکٹ کو فلوریڈا میں اسی جگہ سے روانہ کیا گیا جہاں سے پہلے آدمی نے چاند کا خلائی سفر شروع کیا تھا اور اب تاریخ دوبارہ لکھی جا رہی ہے اور اس مشن کا حتمی مقصد انسانوں کو مریخ تک لے جانا ہے۔
ایلن مسک نے کہا کہ یہ دنیا کے دوسرے طاقتور ترین راکٹ ڈیلٹا فور ہیوی سے دگنی سے بھی کچھ زیادہ صلاحیت رکھتا ہے لیکن اس کے مقابلے میں اس پر خرچہ ایک تہائی آیا ہے۔
اس سے پہلے تجرباتی مشن کو لاحق خطرات کے پیش نظر مسک نے بہت کم وزن بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ان کی سرخ ٹیسلا سپورٹس کار بھی شامل ہے۔اس راکٹ کا ڈیزائن ایسا ہے کہ یہ زمین کے مدار میں 64 ٹن وزنی سامان لے کر جا سکتا ہے یعنی یہ خلاءمیں لندن کی 5 ڈبل ڈیکر بسوں کے ساتھ پرواز کر سکتا ہے۔