گلگت بلتستان: ضلع شگر کے گاؤں ارندو میں گلیشیر آبادی کی جانب سرکنے لگا ہے۔ گلیشیر سرکنے اور برفانی تودے سے متعدد گھروں کے دبنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ برفانی تودے میں دب کرسینکڑوں جانورہلاک ہوگئے ہیں۔
کمشنر بلتستان کا کہنا ہے کہ آج ریسکیو ٹیم پیدل گاؤں کی جانب روانہ ہوگی۔بلند ترین بستی ارندو گاؤں میں گزشتہ تین دنوں میں 10فٹ سے زائد برف باری ہوئی۔ جس کے باعث گلیشئر سرکنے لگا اور برفانی تودے گرنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔
گلیشئرکے ملبے میں دب کر سیکڑوں جانوروں کی ہلاکت اور متعدد مکانات کے دبنے کی اطلاعات ہیں۔ گلیشیئر سرکنے اور تودہ گرنے کی آوازیں آتے ہی لوگ گھروں سے نکل گئے۔ ارندو گاؤں کے 14خاندان گھر بار چھوڑ کر دوسرے گاؤں میں منتقل ہوگئے ہیں۔
ٹیم کے پہنچنے میں دو سے تین دن لگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برف باری کے باعث گلتری، شیلا گاؤں سمیت متعدد دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہے، راستے بند ہیں، پاک فوج سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔