پنجاب کی ترقی کے لیے چین سے تعاون چاہتے ہیں، مریم نواز کا بیجنگ میں اظہار خیال

07:06 PM, 8 Dec, 2024

بیجنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے پنجاب کو معاشی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کی بلندیوں پر لے کر جانا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچیں، جہاں ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چینی حکام نے گلدستہ پیش کیا، جبکہ پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ان کی اہلیہ نے بھی خیرمقدم کیا۔

بیجنگ میں مریم نواز نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ نے پاک چین دوستی کو سراہتے ہوئے مریم نواز اور ان کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پاک چین دوستی ایک نئی بلندی کی جانب گامزن ہے اور پنجاب حکومت چین کے ساتھ اقتصادی اشتراک کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے اہلِ چین کی مہمان نوازی پر شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وفد میں پرویز رشید، مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، بلال اکبر، عاشق کرمانی اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ مریم نواز کے 8 روزہ دورے کی سرکاری مصروفیات پیر سے شروع ہوں گی، جن میں اسپتال، اسکول، اور دیگر اہم چینی اداروں کا دورہ بھی شامل ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مریم نواز چین کا سرکاری دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہیں۔ وہ 15 دسمبر تک بیجنگ، شنگھائی، شن ژین، اور گوانگ ژو میں اہم ملاقاتوں اور کانفرنسز میں شرکت کریں گی۔ اس دورے کی دعوت انہیں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی جانب سے دی گئی تھی۔
 

مزیدخبریں