دبئی سے آئے دولہے کو شادی کے دن دھوکہ، نہ دلہن ملی نہ ہی شادی ہال

03:15 PM, 8 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

موگا : پنجاب کے شہر موگا میں ایک عجیب و غریب اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک دولہا شادی کے لیے دبئی سے بھارت آیا، مگر اسے نہ دلہن ملی اور نہ ہی وہ شادی ہال جس کی بکنگ کی گئی تھی۔ 24 سالہ دیپک کمار کا رشتہ تین سال پہلے انسٹاگرام کے ذریعے منپریت نامی لڑکی سے طے ہوا تھا، لیکن دونوں کی کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

شادی کے دن دیپک کمار اپنی بارات کے ساتھ موگا پہنچا، جہاں اس نے سنا تھا کہ ’روز گارڈن پیلس‘ نامی شادی ہال میں تقریب منعقد ہوگی۔ لیکن جب وہ وہاں پہنچا، تو حقیقت سامنے آئی کہ موگا میں ایسی کوئی جگہ ہی نہیں ہے۔ دولہے کے اہل خانہ نے مقامی لوگوں سے اس ہال کے بارے میں پوچھا تو پتہ چلا کہ وہاں کوئی شادی ہال نہیں ہے۔

دیپک کمار کے مطابق، لڑکی کے والدین نے فون پر ہی شادی کی بات چیت کی تھی اور 50 ہزار روپے کی رقم بھی مانگی تھی، جو اس نے ادا کر دی تھی۔ دیپک کمار اور اس کے والد پریم چند نے اس دن کی تیاریوں میں ٹیکسیاں کرایہ پر لی تھیں، کیٹرنگ کا انتظام کیا تھا اور ویڈیو گرافر بھی بک کرایا تھا، مگر جب حقیقت سامنے آئی، تو ان کی خوشیاں چکنا چور ہو گئیں۔

پولیس نے دیپک کمار کی شکایت پر لڑکی کے خاندان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ 

مزیدخبریں