اسلا م آباد : اگست 2019 میں اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹر کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ معاہدہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر نگرانی ہوا تھا۔ معاہدے کے مطابق، تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کرانی ہوگی، اور وزارت تعلیم کو مدارس کے اعداد و شمار جمع کرنے کی واحد مجاز اتھارٹی تسلیم کیا گیا۔
اس معاہدے میں یہ بھی طے پایا تھا کہ جو مدارس رجسٹریشن نہیں کرائیں گے، انہیں بند کر دیا جائے گا، اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے مدارس کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔معاہدے میں مدارس کو بینکوں میں اکاؤنٹس کھولنے، غیر ملکی طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دینے، اور یکساں نصاب کے اہداف طے کرنے کی ہدایت بھی شامل تھی۔ اس معاہدے کا مقصد تعلیمی اصلاحات کو فروغ دینا تھا، اور حکومت نے اس کے لئے مالی امداد اور وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔