شام میں بشارالاسد کا 24 سالہ اقتدار ختم ، باغی گروہ کے سربراہ کا بیان

12:44 PM, 8 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

دمشق: شامی فوجی کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ صدر بشار الاسد کا 24 سالہ اقتدار ختم ہو چکا ہے۔ اس اعلان کے بعد دمشق سمیت مختلف شہروں میں گولیاں چلنے اور دھماکوں کی آوازیں سننے کو آئیں، جب کہ عوام سڑکوں پر نکل کر جشن مناتے رہے۔ امیہ اسکوائر پر عوام نے شامی فوج کے ٹینکوں پر چڑھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

شامی باغی گروپوں کے مطابق، جشن کے دوران ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں دی گئی، اور یہ بھی بتایا گیا کہ دمشق میں باغی ملیشیا کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد، باغی گروپ "تحریر الشام" کے رہنما ابو محمد الجولانی نے اعلان کیا کہ پرامن انتقال اقتدار کے لیے سابق وزیراعظم محمد غازی الجلالی کو ریاستی ادارے چلانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

شامی فوجی کمانڈ کے مطابق، شام میں کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کیے جائیں گے، جس سے عالمی برادری کے تحفظات کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے جنوب مغربی شام کی قنیطرہ گورنری میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کیا ہے، جس سے شام اور اسرائیل کے تعلقات میں مزید کشیدگی کا امکان ہے۔

 اس دوران، وزیراعظم محمد غازی الجلالی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ عوام کی منتخب قیادت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں اور شام کی مستقبل کی قیادت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ عوام کی مرضی پر مبنی ہوگا۔

مزیدخبریں