دمشق : شام کے باغیوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضہ کر لیا ہے اور صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق، مقامی شہریوں نے دمشق میں گولیاں چلنے اور دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق، باغیوں نے دمشق ایئرپورٹ اور سرکاری ٹی وی کی عمارت پر قبضہ کر لیا ہے، جب کہ شامی وزارت داخلہ کی عمارت بھی ان کے قبضے میں آ گئی ہے۔
شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کی کامیابی کے بعد ہزاروں شہریوں نے مرکزی اسکوائر پر جمع ہو کر جشن منایا اور نعرے بازی کی۔ شامی اپوزیشن کے مطابق، صدر بشارالاسد ملک چھوڑ کر طیارے میں کسی نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔ امریکی میڈیا بھی اس بات کی تصدیق کر رہا ہے کہ بشار الاسد دمشق میں موجود نہیں ہیں، جب کہ شامی فوج دمشق کے مضافات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
دوسری جانب، امریکی اور مغربی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بشار الاسد کی حکومت آئندہ ہفتے ختم ہونے کا امکان ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، ایرانی فوجی عہدیدار خصوصی پرواز کے ذریعے دمشق سے تہران روانہ ہو گئے ہیں، اور پولینڈ نے اپنے شہریوں کو شام سے فوری نکلنے کی ہدایت کر دی ہے۔
گزشتہ رات شام کے شہر حمص پر بھی باغیوں نے قبضہ کر لیا تھا، جو دمشق اور شام کے ساحلی صوبوں کے درمیان اہم مقام رکھتا ہے۔ شامی فوج کی طرف سے باغیوں کے خلاف شدید کارروائیاں جاری ہیں، اور فوجی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون سے بغاوت پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔