اسلام آباد : توشہ خانہ تحائف کی غیر قانونی فروخت پر نیب تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ نیب نے بشریٰ بی بی کو پیشی کے لیے آخری موقع دے دیا ۔
نیب کی تفتیشی ٹیم نے بشریٰ بی بی کو 11 دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔ نیب نے عمران خان کی سابق اہلیہ بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کے بارے میں جوابات بھی مانگے ہیں۔
نیب نے بشریٰ بی بی سے توشہ خانہ تحائف سے متعلق سوالات کے جواب مانگ لیے ہیں۔ شوہر وزیر اعظم تھا تو دوست ممالک سے ملنے والے تحائف گھر کیوں لے گئے؟ جو تحفے گھر لے گئے ان کی قیمت انتہائی کم کیوں لگوائی ؟
نیب نے بشریٰ بی بی کو کہا ہے کہ 2019ء میں دوست ملک سے ملنے والے سونے کے زیورات کا ریکارڈ لے کر آئیں۔2020ء میں دوست ملک سے ملنے والے سونے اور ہیرے کے زیورات کا ریکارڈ بھی لے کر آئیں۔ 2021ء میں دوست ملک سے ملنے والے سونے کے ہار، گھڑی اور انگوٹھیوں کا ریکارڈ لے کر آئیں۔ ریاست کے ملکیت قیمتی تحائف ذاتی فائدے کے لیے اپنے پاس رکھ کر نقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ نیب کی طرف سے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو متعدد مرتبہ طلب کیا گیا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں اس بار انہیں پیشی کا آخری موقع دیا گیا ہے۔