ماحولیاتی آلودگی کیس: سی بی ڈی کو نیا منصوبہ شروع کرنے سے روک دیا

11:26 AM, 8 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نےوالٹن روڈ پر سی بی ڈی کا نیا منصوبہ شروع کرنے سے روک دیا،  سموگ ایس او پیز  کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس کو سیل اور جرمانے کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر جسٹس شاہد کریم نے  سماعت کی۔ عدالت نے خلاف ورزی کرنے والے جوہر ٹاؤن کے کیفےمالکان  کو فوری سیل کرنے کا حکم دیا اور سموگ ایس او پیز  کی خلاف وزری کرنے والے ریسٹورنٹس کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

علاوہ ازایں عدالت نے حکومت کو  آلودگی کا باعث بننے والی انڈسٹریز کو کئے گئے  جرمانوں کے  بارے  میں کمیشن کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

دوران سماعت ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی تعمیر 25 دسمبر تک مکمل ہو گی جس پر عدالت نے کہا کہ اس کو جلدی مکمل کریں، 25 دسمبر بہت دور ہے، 9 انڈر پاسز کی تعمیر کے باعث ٹریفک جام رہتی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریماکس دیئے کہ پیر تک آپ مشاورت کر کے عدالت کو بتائیں کب تک انڈر پاسز کی تعمیر مکمل ہو سکتی ہے، اگر میں دن میں بھی انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کرنے کی اجازت دیتا ہوں تو پھر کتنے دن لگیں گے، اس پر مشاورت کریں اور انڈر پاسز کی تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کی حتمی تاریخ  سے متعلق 12 دسمبر کو رپورٹ دیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سی بی ڈی نے کوئی ایک گرین پروجیکٹ شروع کیا ہے؟ یہ بلند وبالا عمارتیں کھڑی کر رہے ہیں مگر گرین پروجیکٹ کوئی شروع نہیں کیا۔ ساتھ ہی ساتھ عدالت نے والٹن روڈ پر سی بی ڈی کا نیا منصوبہ شروع کرنے سے روک دیا۔

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے سی بی ڈی سے آئندہ سماعت پر گرین پروجیکٹ سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواستوں پر مزید سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی۔ 

مزیدخبریں