لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، جب چاہیں واپس لے لیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں مونس الٰہی سے پی ٹی آئی رہنماو¿ں عمران اسماعیل اور عامر کیانی نے ملاقات کی جس دوران سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، مدتوں بعد قوم کو ایسا رہنما نصیب ہوا، ہم ہر موقع پر عمران خان کا ساتھ دیں گے، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں ساتھ نبھاتے بھی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کیلئے آئے، جب تک اللہ کو منظور ہو گا کام کریں گے، اپوزیشن والے خوفزدہ ہیں کہ عمران خان اب کیا کرنے والے ہیں، اسمبلیوں سے استعفے دئیے تو بھی اپوزیشن کا حکومت بنانے کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔