ملتان: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں ہونے والے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم میں 2 سے تین تبدیلیوں کا امکان ہے اور اس ضمن میں غور و فکر جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون کی تشکیل کیلئے پاکستان ٹیم مینجمنٹ کی ہوٹل میں اہم میٹنگ ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے ان فٹ ہونے کے بعد پلیئنگ الیون کی تشکیل میں ٹیم مینجمنٹ کو مشکلات درپیش ہیں جس کے باعث فہیم اشرف، محمد نواز اور ابرار احمد کی فائنل الیون میں شمولیت پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حارث رؤف پہلے ہی انجری کا شکار ہو کر سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کندھے کی انجری کے باعث ملتان ٹیسٹ نہ کھیلنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی میٹنگ میں ٹاپ آرڈر بلے باز اظہر علی کو بھی دوسرے ٹیسٹ میں آرام دینے پر مشاورت کی گئی تاہم ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا کہ ان کی جگہ کسے ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل ملتان میں شروع ہو گا، 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی۔