وزیر اعلیٰ پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام پر اطمینان کا اظہار

06:54 PM, 8 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ اجلاس ، پرویزالٰہی کا سالانہ ترقیاتی پروگرام پر اطمینان کا اظہار ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رواں مالی سال پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 726 ارب روپے تک بڑھا دیا ہے ۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 726 ارب روپے کے ریکارڈ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا اعزاز ہماری حکومت کو حاصل ہوا ہے ۔ ترقیاتی فنڈز 5 اگست2022 کو ریلیز ہوئے، 6 دسمبر تک 4 ماہ کی قلیل مدت میں 196 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز استعمال کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ محکمے ترقیاتی بجٹ کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنائیں ، کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل سے عوام کو سہولت اور ریلیف ملے گا رواں مالی سال کے اختتام تک 625 سے 650 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے استعمال کرکے ریکارڈ قائم کریں گے ۔ 255 ارب روپے کے خطیر فنڈز جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے رکھے گئے ہیں ، جنوبی پنجاب کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کے لئے استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی وخوشحالی پر ہی خرچ ہوں گے ۔

وزیراعلیٰ کا پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار ، انہوں نے چیف سیکرٹری و چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ سنبل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ، اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری ، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی ، ایم این اے حسین الٰہی ، چیف سیکرٹری و چیئرمین پی اینڈ ڈی عبداللہ خان سنبل ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی ، سابق وفاقی سیکرٹری و چیئرمین پی اینڈ ڈی سلمان غنی ، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں