لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری گھڑی کی فروخت سے متعلق آڈیو لیکس کے دفاع میں سامنے آ گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ گھڑی بیچ کرکچھ غلط نہیں کیا جبکہ لیک ہونے والی آڈیو ٹیمپرڈ ہے۔
تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری نے کہا کہ اگر اس معاملے میں کوئی اور ملوث ہوتا تو کوئی ایشو نہیں بنتا لیکن عمران خان کی وجہ سے اسے ایشو بنایا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گردش کرنے والی آڈیو ٹیمپرڈ، ایڈیٹڈ ہے اور یہ آڈیو کٹ پیسٹ کر کے بنائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آڈیو میں آواز کہاں صحیح ہے، کہاں صحیح نہیں، فارنزک سے ہی پتہ لگ سکتا ہے، اس آڈیو کو فارنزک ضرور کرائیں، جب بیچی نہیں تو کیسے کہہ سکتا ہوں کہ گھڑی بیچی، آڈیو میں جس گھڑی کی بات کی ہے وہ دبئی والی نہیں، اسلام آباد سے کوئی گھڑی خریدی نہ بیچی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیک ہونے والی آڈیو کاپی، پیسٹ کر کے بنائی گئی ہے، ایک بار کوئی چیز ٹیمپرڈ ہو جائے تو بتانا مشکل ہو جاتا ہے کیا صحیح ہے کیا غلط، اس وقت کی خاتون اول سے ایسی کوئی گفتگو نہیں ہوئی، بلکہ یہ آڈیو الفاظ کہیں اور سے لے کر بنائی گئی ہے، میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ فارنزک سے پتہ چل جائے گا کہ آڈیو ٹیمپرڈ ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی ہے جس کے آغاز میں زلفی بخاری کو بشریٰ بی بی سے سلام کرنے کے بعد ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں بشریٰ بی بی زلفی بخاری سے یہ کہتی ہیں کہ خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں، گھڑیاں ان کے استعمال کی نہیں، وہ چاہتے ہیں کہ آپ بیچ دیں۔
زلفی بخاری نے بشریٰ بی بی کی یہ بات سننے کے بعد جواب میں کہا کہ ضرور مرشد میں کردوں گا، میں کردوں گا جی۔
گھڑی کی فروخت سے متعلق آڈیو لیکس پر زلفی بخاری کا ردعمل
05:44 PM, 8 Dec, 2022