اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے، جنوری میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے کانفرنس ہو گی جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بھی شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو پاکستان کی معیشت مشکلات کا شکار تھی جس کے باعث حکومت نے آتے ہی ملکی معیشت کو سنبھالنے کیلئے اقدامات کئے جبکہ وزیراعظم نے تمام تر حالات کی خود نگرانی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سنگین سیلابی تباہی کا سامنا کیا ہے اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے وفاقی، صوبائی اور دیگر اداروں نے مل کر کام کیا، مسلح افواج کی مدد سے سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیا گیا اور اس دوران ہزاروں افراد کی جان بچائی گئی جبکہ ملیریا اور دوسری بیماریوں سے نمٹنے میں حکومت کامیاب رہی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ جنوری میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے کانفرنس ہو گی جس میں اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل بھی شرکت کریں گے۔