لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے عثمان بزدار سمیت دیگر کے شراب لائسنس اجرا کی انکوائری بند کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے لاہور ہائیکورٹ میں لائسنس کے اجراءکی انکوائری بند کرنے کی رپورٹ جمع کروا دی ہے، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نجی ہوٹل کی درخواست پر سماعت کی۔
نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیب ریجنل بورڈ نے انکوائری بند کرنے کی رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھجوا دی ہے اور معاملہ چیئرمین نیب کو بھجوا دیا ہے تاکہ وہ حتمی فیصلہ کریں۔
وکیل نجی ہوٹل کے مطابق تین سال سے بے مقصد انکوائری جاری ہے جسے بند کیا جائے، نئی قانون کے تحت یہ انکوائری جاری نہیں رہ سکتی جبکہ عدالت نے ڈی جی نیب کے جواب کی روشنی میں درخواست کو نمٹا دیا۔