ہیلی کاپٹر حادثے کے بعدجنرل بپن راوت کی ویڈیو وائرل 

05:19 PM, 8 Dec, 2021

تامل ناڈوـ:بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں ،وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امدادی ٹیمیں بپن راوت کوشدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر رہی ہیں ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیا کے چیف آف ڈیفینس جنرل بپن راوت اور ان کے اہلخانہ کو لے جانے والا انڈین فوج کا ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہو گیا ہے اور ریاستی وزیرِ جنگلات کے مطابق اس حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں،ابتدائی اطلاعات کے مطابق جنرل بپن راوت کی اہلیہ بھی اس ہیلی کاپٹر میں ان کے ہمراہ تھیں ۔

دوسری طرف ہیلی کاپٹر حادثہ کی وجوہات بھی سامنے آنے لگی ہیں جس میں تامل ناڈو کے عینی شاہدین نے اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا یا ہے ۔

اس واقعے کے ایک عینی شاہد کرشنا سوامی نے کہا کہ انہوں نےسب سے پہلے ایک زوردار شور سنا، جب میں یہ دیکھنے باہر آیا کہ کیا ہوا ہے تو میں نے ہیلی کاپٹر کو ایک درخت سے ٹکراتے دیکھا۔ 

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ و ہاں ایک بہت بڑا آگ کا گولہ تھا اور پھر وہ دوسرے درخت سے ٹکرا گیا،لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ دو تین لوگوں کو ہیلی کاپٹر سے باہر آتے دیکھا، وہ مکمل طور پر جل چکے تھے اور گرنے لگے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے مقامی لوگوں کو فون کیا اور ہم نے مدد کرنے کی کوشش کی، اس کے بعد فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کو اطلاع دی گئی۔

مزیدخبریں