سڈنی: آسٹریلیا نے تیسرے ٹی 20 میچ میں بھارت کو شکست دیدی۔
سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 12 رنز سے شکست دیدی۔ تیسرے ٹی 20 میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 186 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب میتھیو ویڈ نے 80 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ گلین میکسویل نے بھی 54 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔
187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم صرف 174 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان ویرات کوہلی کی 85 رنز کی اننگز بھی بھارت کو فتح نہ دلا سکی۔ دیگر بھارتی بلے بازوں میں شیکھر دھاون 28 جبکہ ہردیک پانڈیا 20 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ مقررہ 20 اوورز میں بھارتی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 174 رنز بنائے۔ اور اسے 12 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے لیگ اسپنر سویپسن نے 4 اوورز میں صرف 23 رنز دیے اور 3 بھارتی سورماؤں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
خیال رہے کہ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز بھارت نے 1-2 سے اپنے نام کی جبکہ اس سے قبل ون ڈے سیریز آسٹریلیا نے 1-2 سے اپنے نام کی۔
بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر ہردیک پانڈیا کو سیریز میں بہترین کارگردگی دکھانے پر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔