اسلام آباد: ایف بی آر نے تاجروں کی جانب سے بار بار درخواست کرنے کے باوجود ٹیکس گوشوارت جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کرنے سے انکار کر دیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان نے کہا ہے کہ تمام کمرشل بینک ٹیکس گزاروں کے لئے آج رات نو بجے تک کھلیں رہیں گے جبکہ ایف بی آر کے تمام فیلڈ دفاتر بھی ٹیکس گزاروں کے لئے رات دس بجے تک کھلے رہیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ٹیکس گزار رات 12 بجے تک بھی آن لائن ٹیکس گوشوارے بھی داخل کر سکتے ہیں اور آج ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اور صرف تیرہ لاکھ گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں۔
دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجران نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31جنوری تک توسیع دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں 65 فیصد گوشوارے جمع ہونا باقی ہیں اور ایف بی آر تاریخ میں توسیع کرے۔ چیمبرز، ایسوسی ایشنز اور تاجر تنظیمیں بھرپور تعاون کریں گی۔
آل پاکستان انجمن تاجران کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر اشرف بھٹی کی صدارت میں ان کے دفتر میں منعقد ہوا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حالیہ چند ماہ میں غیر معمولی حالات کی وجہ سے ہر طبقہ مشکلات سے دوچار رہا ہے اور گوشوارے جمع کرانے میں تاخیر ہوئی ، تمام چیمبرز ، ایسوسی ایشنز اور تاجر تنظیموں کے مطالبات کو زیر غور لا کر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں چند روز کی بجائے 31جنوری تک توسیع کی جائے جس میں حکومت کا ہی فائدہ ہے ۔
صدر کراچی چیمبر شارق وہڑہ نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کے لئے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے اور خط میں لکھا کہ وبا کی وجہ سے عام حالات نہیں لہذا مشکل وقت میں عوام دوست فیصلہ کیا جائے گا۔