مریم نواز کو اگر کوئی ہاتھ چھو جاتا ہے تو انہیں برا نہیں منانا چاہیے، فردوس عاشق اعوان

Maryam Nawaz should not be offended if anyone touches her, Firdous Ashiq Awan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جلسوں میں عوام اپنی لیڈرشپ کی محبت میں ہوتے ہیں۔ مریم نواز کو اگر کوئی ہاتھ چھو جاتا ہے تو انہیں برا نہیں منانا چاہیے۔ ہاتھ لگانے والے کی پٹائی نے ان کی عوام سے دوری واضح کر دی ہے۔

صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آج اہم فیصلے کرتے ہوئے صوبے میں 200 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دیدی گئی ہے۔ پنجاب میں سیمنٹ کے 5 نئے کارخانے قائم ہوں گے۔ پلانٹ سے سیمنٹ کی پیداوار میں 40 ہزار ٹن اضافہ ہوگا۔ سیمنٹ کی کمی کو فوری پورا کرتے ہوئے باضابطہ منظوری دی گئی۔ تعمیراتی شعبے کی ترقی سے منسلک صنعتیں بھی ترقی کر رہی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ پنجاب کابینہ نے دور دراز علاقوں میں اساتذہ کی بھرتی کی بھی منظوری دی۔ پسماندہ علاقوں میں مقامی افراد کو محکمہ تعلیم میں بھرتی کیا جائے گا۔ دور دراز علاقوں میں اساتذہ نوکریاں کرنے کیلئے تیار نہیں ہوتے تھے۔ اساتذہ کی تعیناتی مقامی سطح سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں دوسرے اور تیسرے مرحلے میں 10 کروڑ روپے سے زائد تقسیم ہوں گے۔ پنجاب کابینہ نے قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی 697 املاک کی نجکاری کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ واگزار کرائی گئی زمینیں فلاح عامہ کیلئے استعمال ہوں گی۔ آکشن کے ذریعے کمشنرز واگزار زمینوں کو نیلام کریں گے۔ کمشنرز زمینوں کو بورڈ آف ریونیو پالیسی کے تحت نیلام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے میں خواتین کیلئے ہاسٹلز کے قیام اور قواعد وضوابط کے بل کی بھی منظوری دی گئی۔ پرائیویٹ سیکٹرز کیلئے ایس او پیز، ٹی او آرز طے کئے گئے ہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ کابینہ نے نجکاری کمیٹی کے کئی فیصلوں جبکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس پر جرمانہ معاف کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یونیورسٹی آف سیالکوٹ، فیصل آباد کے وائس چانسلرز کی اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے رول میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ کابینہ نے 1263 میگاواٹ آر ایل این جی منصوبے کی منظوری دی۔ منصوبے کیلئے حکومت پنجاب بینکوں کے ساتھ معاہدے کرے گی۔ منصوبے پر 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اطلاعات سے نہیں بلکہ حقائق پر چلتی ہے۔ میڈیا مینار پاکستان کی تازہ تصویر لے کر آئے۔ جو کرپشن کے سمندر میں غوطے کھا رہے ہیں، وہ مینار پاکستان پر جلسہ کرکے دیکھ لیں۔ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا، قانون حرکت میں آئے گا۔

ملک میں عالمی وبا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ مرض کے بڑھتے ہوئے وار سے قیمتی جانیں موت کے منہ میں جا رہی ہیں۔ شوقیہ فنکار عوام کی ز ندگیوں سے کھیل کر اپنی سیاست کا نشہ پورا کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا موقف ہے کہ ان سے سیاسی انداز سے مقابلہ کریں گے،ان کے پروگراموں میں رخنہ نہیں ڈالیں گے، تاہم جہاں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی، وہاں قانون حرکت میں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ریلی میں ایس او پیز کو فالو نہیں کیا گیا۔ معصوم عوام کو وبا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا۔ انہیں قانون اور نہ آئین چھو سکتا ہے اور نہ کوئی انسان چھو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں میں عوام اپنی لیڈرشپ کی محبت میں ہوتے ہیں۔ مریم نواز کو اگر کوئی ہاتھ چھو جاتا ہے تو انہیں برا نہیں منانا چاہیے۔ ہاتھ لگانے والے کی پٹائی نے ان کی عوام سے دوری واضح کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں حکومت ان کے ساتھ تصادم کرے لیکن ہم انہیں سیاسی شہادت نہیں دیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ اپنا زور بازو آزمائیں۔ عوام ان کا بیانیہ اور انہیں مکمل مسترد کر چکے ہیں۔ انہیں آج جلسے کیلئے گلی گلی پھرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا بیانیہ عوام میں پذیرائی کھو چکا ہے۔ مریم نواز کا جاتی امرا چھوڑ کر عوامی نمائندوں کے حلقوں میں آنا باعث عبرت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کا مریم نواز کو استعفے دینا عام سی بات ہے۔ حکومت کو آئینی طریقے سے ختم کرنے کا فورم سپیکر پنجاب اسمبلی ہے۔ کسی کے جعلی استعفے دینے سے حکومتیں ٹس سے مس نہیں ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اعلان پہلے آنے دیں، پھر اس پر ردعمل دیکھیں گے۔ حکومت اپنے پتے شو کرکے بازی خراب نہیں کرنا چاہتی۔ حکومت سیاسی محاذ پر یہ بازی جیتے گی۔