عالمی وبا کا تدارک، حکومت نے ویکسین کی خریداری کیلئے کوششیں تیز کردیں

To combat the global epidemic, the government stepped up efforts to purchase vaccines
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی وبا کے تدارک کیلئے بنائی گئی ادویات کی خریداری کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے، حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کر لیا جائے گا۔

یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی وبا کی دوا خریدنے کیلئے خطیر رقم مختص کر رکھی ہے جو تقریباً 150 ملین ڈالر ہے تاہم اگر مزید رقم کی ضرورت پڑی تو حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کی ویکسین کو سب سے پہلے طبی عملے اور اس کے بعد بزرگ شہریوں کو لگایا جائے گا، اس کے بعد ہی دیگر افراد کی باری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکیسن کی خریداری کیلئے دنیا کی مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔ اس سلسلے میں دوا کی افادیت، دستیابی، سپلائی اور قیمت کو مدنظر رکھا جائے گا۔

انہوں نے دوران گفتگو اس بات کا اطمینان کیا کہ ویکسین کے علاوہ تمام طبی آلات کی تیاری پاکستان میں ہو رہی ہے۔ پاکستان اس معاملے میں خود کفیل ہو چکا ہے اور ان کی ملک میں کوئی کمی نہیں ہے۔

معاون خصوصی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عالمی وبا کو ختم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگیاں بچائیں کیونکہ وبا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک صورت اختیار کر چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیاری کیلئے کوششیں اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکی ہیں، اس بارے میں جلد ہی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ وبا کو پھیلنے سے بچانے کیلئے حکوم سخت اقدامات اٹھانے کا سوچ رہی ہے۔