برطانوی باکسر عامر خان بھی بھارتی کسانوں کے حق میں بول اٹھے

10:20 AM, 8 Dec, 2020

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھارتی کسانوں کے حق میں بات کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں اس احتجاج میں ان کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں باکسر عامر خان نے لکھا کہ اپنے حق کیلئے احتجاج کرنے والے انڈین کسانوں پر تشدد کے مناظر بہت تکلیف دہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈین کسان اپنے حقوق کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔ میں ان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے احتجاج کو مکمل سپورٹ کرتا ہوں۔ دنیا بھر میں موجود میرے سکھ بھائی اور بہنیں انصاف کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی کسان متنازع زرعی قوانین کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں لیکن مودی سرکار ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ بھارتی کسانوں نے آج بھارت بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

بھارتی کسانوں کے احتجاج کے حق میں اپوزیشن جماعتوں کیساتھ ساتھ اب دنیا بھر میں آوازیں اٹھنا شروع ہو چکی ہیں۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اپنے وڈیو بیان میں کسانوں کے حق میں آواز بلند کی تھی، اس پر ردعمل دیتے ہوئے انڈین وزارت خارجہ نے اسے ذاتی معاملات میں دخل اندازی سے تشبیہ دیا تھا۔

اس کے علاوہ امریکا اور برطانیہ سمیت کئی یورپی شہروں میں کسانوں کے حق میں ریلیاں نکالتے ہوئے بھارتی ہائی کمیشنز کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ بھارت کی ممتاز شخصیات نے مودی سرکار کی پالیسیوں کیخلاف احتجاجاً اپنے ایوارڈز واپس کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ ان میں اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے باکسر وجیندر سنگھ اور سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کا نام سرفہرست ہے۔

خیال رہے کہ مودی سرکار نے بھارتی کسانوں کیخلاف یہ قوانین پارلیمنٹ سے بغیر کسی ووٹنگ کے منظور کرائے ہیں۔ کسانوں میں ان متنازع قوانین کیخلاف سخت تحفظات پائے جاتے ہیں۔

مزیدخبریں