وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

09:32 AM, 8 Dec, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں مختلف ایشوز پر غور کیا جائے گا جبکہ فیصلوں کی توثیق اور منظوریاں بھی دی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ چیئرمین پورٹ اینڈ شپنگ کارپوریشن کی تعیناتی اور ایوی ایشن ڈویژن کی ایوی ایشن پالیسی 2019ء اور شہید ذوالفقار بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کیلئے ڈینٹسٹری کوٹے کی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں وفاق اور صوبوں کی مشترکہ فنانشنل سٹیٹمنٹس کابینہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ ممنوعہ بور کے اسلحہ اور بارود درآمد کرنے کی پالیسی میں نرمی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی، ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی کی تعیناتی، فیڈرل کورٹس کمپلیکس کراچی تعمیر، پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کی تشکیل نو، پیسکو اور کیسکو کے نئے بورڈز کیب، فیسکو، حیسکو، آئیسکو، لیسکو کے نئے بورڈز اور 6 بجلی سپلائی کمپنیز کے بورڈ کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے گی۔

کابینہ اقتصادی رابطہ، ڈسپوزل آف لیجیسلیٹو کیسز کمیٹیوں کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 18 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جائے گا۔ فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات سےمتعلق قومی پالیسی بنائی جائے گی۔

وفاقی کابینہ سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔ کابینہ 13 دسمبر کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کرے گی۔ کابینہ چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم رہنماؤں پر واضح کر دیا گیا ہے کہ لاہور جلسے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، تاہم عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن کو عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ حکومت کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر جلسے کے منتظمین پر مقدمات قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں