موسم سرما میں مختلف بیماریاں جیسا کہ نزلہ, زکام ,کھانسی اور جلد کی خشکی وغیرہ ہو جاتی ہیں اور اس موسم میں ہمیں اپنے آس پاس ہر دوسرا فرد ان بیماریوں میں سے کسی نہ کسی بیماری کا شکار نظر آتا ہے-
ان موسمی بیماریوں کا علاج چند قدرتی طریقو ں سے ممکن ہے۔ ہم یہاں آپ کو چند ایسے قدرتی طریقے بتاتا رہے ہیں جن کو استعمال کر کے آپ نزلہ، زکام، کھانسی اور خشک جلد کے مسائل سے نجات دے سکتے ہیں-
پانی کا استعمال: موسم سرما میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیے کیونکہ زکام کی صورت میں آپ کے جسم کا زیادہ تر پانی خارج ہوجاتا ہے، خاص طور پر اگر آپ کو قے کی شکایت ہو تو آپ پانی کی مقدار کو پورا کرنے کے لیے مختلف پھلوں کے جوس کا استعمال بھی کرسکتے ہیں-
شہد: کھانسی کا درد کم کرنے کے لیے شہد ایک بہترین دوا کے طور پر کام آ سکتا ہے، شہد گلے کے دردکے لیے مفید ہے، اگر آپ کو کھانسی جراثیموں کے انفیکشن کی وجہ سے ہے تو شہد کے استعمال سے اس کھانسی کی مدت کم ہوسکتی ہے- ایک کھانے کا چمچا شہد دو سے تین روز تک کھائیے۔
دودھ :دودھ ایک قدرتی غذا ہے جس میں خشک جلد کا علاج چھپا ہے، دودھ میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو خشک جلد کو ٹھیک کر دیتی ہیں- خشک جلد سے نجات کے لیے دن میں دو مرتبہ 4 کھانے کے چمچے دودھ میں عرقِ گلاب کے چند قطرے ڈال کر اپنے پورے جسم پر لگائیں۔
نمک پانی: کھانسی اور زکام سے نجات حاصل کرنی ہو تو نمک ملے پانی کے غرارے کیجیے، یہ بہت ہی عام اور کارآمد نسخہ ہے، اس مخصوص پانی کے غرارے کرنے سے آپ کے گلے کی سوجن میں کمی واقع ہوگی اور آپ کو آرام ملے گا- ایک گلاس گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ نمک شامل کر لیں اور اب اس پانی کو 15 سیکنڈ تک منہ میں رکھنے کے بعد تھوکتے جائیں اور یہ عمل باقی بچے ہوئے پانی کے ساتھ دہراتے جائیں-
ناریل کا تیل: ناریل کے تیل کا استعمال خشک جلد کی روک تھام میں کارآمد ہے- اس تیل میں فیٹی ایسڈ ز کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے جو کہ آپ کی جلد کو خشک ہونے سے بچاتی ہے، سونے سے پہلے ناریل کا تیل لگائیے اور پوری رات لگا رہنے دیں۔ خشک جلد پر ناریل کا تیل روزانہ لگائیے-