فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کا نام استعمال کرنا بند کریں، عامر خان

01:33 PM, 8 Dec, 2018

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے ایک بار پھر فاروق ستار کو کھری کھری سُنا دیں۔ کہتے ہیں فاروق ستار اب پارٹی کا حصہ نہیں وہ ایم کیو ایم کا نام اور جھنڈا استعمال کرنا بند کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے سامنے کراچی کا مقدمہ رکھیں گے اور وسیم اختر نے وسائل نہ ہونے کے باوجود بہت کام کیا۔ انہوں نے کہا آئین وسیم اختر کو پابند کرتا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرائیں اور میئر کراچی نے صرف فٹ پاتھ پر بنے تجاوزات ہٹائیں۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کیلئے میں دعاگوں ہوں اور اللہ تعالی ان کو ہدایت دے کیونکہ وہ ایم کیو ایم کا اب حصہ نہیں۔ انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ وہ فاروق ستار کی کسی بات کے جوابدہ نہیں اب فاروق ستار ایم کیو ایم کا نام اور جھنڈا استعمال کرنا بند کریں۔

واضح رہے کہ ان دنوں فاروق ستار اور ایم کیو ایم کی موجودہ قیادت کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں اور 9 نومبر 2018 کو ایم کیو ایم پاکستان نے ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں منعقد ہوا تھا جس میں رابطہ کمیٹی کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کو بھیجے گئے اظہار وجوہ کے نوٹس اور اس کی عدم تکمیل پر بھیجے گئے یاد دہانی نوٹس کے مندرجات سے اراکین کو آگاہ کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں