لاس اینجلس: ڈیلی میل کے مطابق عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارمائیکل جیکسن کے مبینہ بیٹے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔مائیکل جیکسن کے مبینہ بیٹے’ برانڈن ہاورڈ‘ نے دنیا بھر میں کامیاب کنسرٹ کرنے کے بعد حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ جلد پاکستان آنے کی خوشخبری سنائیں گے۔ مائیکل جیکسن کے بیٹے کی پاکستان آمد پر اب پاکستانی مداح بھی انتظار میں ہیں۔
برانڈن ہاورڈ گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ ساز پروڈیوسر بھی ہیں جو اپنے گانے خود لکھتے ہیں۔ ان کا البم ’ان مائی ورڈز‘ نے بھرپور کامیابی سمیٹی اور 2006 میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ 2007 میں ’فیس آف‘ نے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنا دیا اور ہاورڈ کے نغمے ’ڈونٹ سے یو لو می‘ نے 2016ء میں دھوم مچائی تھی۔
ہاورڈ کی والدہ مکی ہاورڈ ایک معروف گلوکارہ تھیں اور نوجوانی میں مائیکل جیکسن کے عشق میں مبتلا تھیں۔ مائیکل جیکسن کے شہرہ آفاق نغمے ’بیلی جینز‘ کوان کی مکی سے محبت کا اظہار کہا جاتا ہے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ برانڈن ہاورڈ ان دونوں کے بیٹے ہیں۔
خیال رہے مائیکل جیکسن 2009 میں اپنے مداحوں کو چھوڑ گئے تھے لیکن اُن کے نغمے اور دھنیں اب بھی لہو گرماتی ہیں اور پوپ موسیقی کے دلدادہ افراد کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیتی ہیں۔