کراچی : سلمان مجاہد بلوچ بھی کمال کے ہو گئے ۔ کراچی میں مصطفیٰ کمال کے ساتھ بیٹھ کر ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔ساتھ ہی انہوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت بھی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان مجاہد نے کہا کہ فاروق ستار سمیت سب کے لندن سے رابطے ہیں جبکہ دعویٰ آج تک ہوتے ہیں کہ لندن سےکوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف نعرے کیخلاف کھڑے ہوکر ایم کیوایم پاکستان کا ساتھ دیا تھا، نہ چاہتے ہوئے بھی فاروق ستار کا ساتھ دیا۔سلمان مجاہد نے کہا کہ مجھے آج تک نہیں بتایا گیا کہ میری رکنیت کیوں معطل کی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ سلمان مجاہد نے ایم کیو ایم پاکستان میں دھڑے بندی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد ان کی ایم کیو ایم پاکستان کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی تھی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار ڈرامے بازی کیوں کر رہے ہیں؟ ایم کیو ایم کے جلسوں میں کونسلر بھی پورے نہیں آ رہے۔ جبکہ دوسری جانب ہماری پارٹی میں شامل ہونے والوں کا سلسلہ رکا نہیں ہے۔ سلمان مجاہد بلوچ کو پاکستان سرزمین پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے چائنا کٹنگ کیلئے اپنی پارٹی بنائی کیونکہ وہ 2018ء کے الیکشن تک پیسے کمانا چاہتی ہے۔