لاہور:بی پی ایل میں مبینہ میچ فکسنگ پر پی سی بی نے محمد سمیع کیخلاف اہم اقدام اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ۔پی سی بی کے جی ایم لیگل سلمان نصیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں جلد ہی محمد سمیع کو شو کاز نوٹس جاری کیا جائے گا ۔ تاہم انہیں ٹی 10 لیگ میں شرکت سے نہیں روکا گیا ۔
بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں شرکت کرنے والے محمد سمیع کا پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں انٹرویو ریکارڈ کر لیا گیا۔ کرپشن کیخلاف پی سی بی کا کریک ڈان جاری ہے۔ بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں مبینہ طور پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزام میں پی سی بی نے محمد سمیع کو باز پرس کیلئے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز طلب کیا جہاں ان کا انٹرویو ریکارڈ کیا گیا۔
محمد سمیع نے بی پی ایل میں راج شاہی کنگز کی نمائندگی کی ہے اور اب تک 11 وکٹوں کے ساتھ ایونٹ کے کامیاب ترین بولر ہیں۔ محمد سمیع نے آخری بار کسی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی نمائندگی 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کی تھی اور اب صرف ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگز تک محدود ہیں۔