لاہور: سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے صافین کیلئے شاندار اعلان کر دیا۔ صارفین اب فیس بک میسنجر پر گیم کھیلتے وقت لائیو ویڈیو چیٹ بھی کرسکیں گے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ فیس بک میسنجر پر صارفین اب اپنے جس فرینڈ کے ساتھ گیم کھیلیں گے، گیم کے دوران اس کے ساتھ لائیو ویڈیو چیٹ بھی کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں صارفین کو گیم کھیلنےکے دوران ویڈیو چیٹ ریکارڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔گیم کھیلنے کے دوران ویڈیو چیٹ کرنے کے لیے میسنجر گیم کے اوپر نمایاں ہونے والے نیو کیمرہ آپشن پر کِلک کرنا ہوگا جس کے بعد فرنٹ کیمرہ آن کرنا ہوگا تاکہ دوسرا صارف بھی آپ سے ویڈیو چیٹ کر سکے۔
واضح رہے کہ صارفین فیس بک میسنجر میں 70 کے قریب گیمز کھیل سکتے ہیں، جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ فیس بک کا مقبول گیم ’اینگری برڈ‘ بھی آئندہ برس سے میسنجر پر دستیاب ہوجائے گا۔